نئی دہلی27فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ہندوستان نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جوابی کارروائی کے دوران فضائیہ کا ایک پائلٹ لاپتہ ہو گیا ہے۔اس سے پہلے پاکستان نے دعوی کیا تھا کہ اس نے ہندوستان کے دو لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ہے اور ونگ کمانڈر ہیلو سمیت دو ہندوستانی پائلٹ اس کی حراست میں ہیں۔غور طلب ہے کہ بدھ کی صبح جموں و کشمیر کے نوشیرا سیکٹر میں پاکستان کے جنگجووں نے ہندوستانی سیزفائرکی خلاف ورزی کی تھی۔ہندوستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے ساتھ ساتھ زمین سے کی گئی جوابی کارروائی کی وجہ سے پاکستان کے ایف 16 طیاروں کو لوٹنے پر مجبور ہونا پڑا لیکن اس سے پہلے اس کے ایک ایف 16 طیارے کو مار گرایا گیا، جس کا ملبہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے اندر اندر 3 کلومیٹر دور گرا۔پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس میں دعوی کیا کہ اس نے ہندوستانی فضائیہ کے دو پائلٹوں کو گرفتار کیا ہے۔غفور نے کہا کہ ایک پائلٹ زخمی ہوا ہے اور اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ دوسرے کو کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
پاکستانی فوج نے 46 سیکنڈ کا ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے جس میں ایک شخص کی آنکھ پر پٹی بندھی ہے اور وہ دعوی کر رہا ہے کہ وہ ہندوستانی فضائیہ کا ونگ کمانڈر ہیلو ہے،ویڈیو میں دکھائی دے رہا شخص کہہ رہا ہے کہ میں ہندوستانی فضائیہ کا افسر ہوں، میرا سروس نمبر 27981 ہے،تاہم اس ویڈیو کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
پاکستانی فوج کی طرف سے دو ہندوستانی فوجی طیاروں کو پاکستانی سرحد میں مار گرائے جانے اور دو پائلٹوں کو گرفتار کئے جانے کے دعووں کے کچھ گھنٹوں بعد ہندوستان نے لڑاکا طیارے کے حادثہ ہونے اوراپنے ایک پائلٹ کی گمشدگی کی ہی تصدیق کی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ پاکستان کے لڑاکا طیارے پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے ایک طیارے کو مار گرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس میں ہمارا ایک طیارہ بھی کریش ہو گیا ہے اور پائلٹ لاپتہ ہے۔